ریو ڈی جنیرو،20اگست؍(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)برازیل کے شہر ریو ڈی جنیرو میں سجنے والا کھیلوں کا سب سے بڑا میلہ ریو اولمپکس اب اپنے اختتام کی طرف بڑھ رہاہے۔جہاں دنیا کے 200ممالک کے تقریبا 11000کھلاڑی کھیلوں کے مقابلے میں شریک ہوئے اور اب ان میں سے کوئی اولمپک فاتح اور کوئی اپنی ہار کے ساتھ واپس وطن لوٹے گا۔اتوار کو ریو اولمپکس کی اختتامی تقریب تاریخی ماریکانااسٹیڈیم میں منعقد ہو گی تاہم ریو اولمپکس کے تیرہویں دن کے اختتام پر جہاں ریو اولمپک کے میڈلز ٹیبل پر امریکہ بدستور سر فہرست ہے وہیں برطانیہ نے اپنے مزید دو طلائی تمغوں کے ساتھ دوسری پوزیشن برقرار رکھی ہے۔ریو اولمپک میڈلزٹیبل پر امریکہ نے 37طلائی تمغوں کے ساتھ اپنی پہلی پوزیشن مستحکم کرلی ہے اور برطانیہ نے 24طلائی تمغوں کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کر رکھی ہے جب کہ چین 22طلائی تمغوں کے ساتھ تیسری پوزیشن پر چلا گیا ہے۔امریکی ٹیم نے ریو اولمپکس میں مجموعی طور پر 103اولمپک میڈلز کے ساتھ سبقت حاصل کی ہے اور اولمپک گیمز میں ایک ہزار طلائی تمغے جیتنے کا ریکارڈ قائم کیا ہے۔لندن اولمپکس میں چین نے سوئمنگ ، جمناسٹک اور فینسنگ کے مقابلوں میں مجموعی طور پر گیارہ تمغے جیتے تھے جب کہ ریو اولمپکس میں ان مقابلوں میں اس نے صرف ایک تمغہ جیتا ہے جبکہ چینی کھلاڑیوں نے 2004اور 2012کے لندن اولمپک میڈل ٹیبل پر دوسری پوزیشن اور بیجنگ اولمپکس میں پہلی پوزیشن حاصل کی تھی۔برطانیہ کی ٹیم نے مجموعی طور پر 58اولمپک میڈلز جیت لیے ہیں جبکہ چین نے مجموعی طور پر 65تمغے حاصل کر لیے ہیں تاہم ریو اولمپکس کے سرکاری نتائج کے مطابق اولمپک میڈل رینکنگ میں برطانیہ اپنے 24طلائی تمغوں کے ساتھ آگے جبکہ چین پیچھے ہے۔
لندن اولمپکس 2012میں اولمپک تمغوں کا اعلی ترین ریکارڈ قائم کرنے والی برطانیہ کی ٹیم نے ریو اولمپکس میں توقعات سے بڑھ کر کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور جمعے کی شب ریو میڈلز ٹیبل پر اپنے مزید دو طلائی تمغوں کے ساتھ چین کو ایک مرتبہ پھر پیچھے دھکیل دیا ہے۔جمعے کی شب برطانیہ کی ویمنز ہاکی ٹیم نے ہالینڈ کی ٹیم کو شکست دے کر پہلی مرتبہ اولمپکس میں تاریخی فتح حاصل کی ہے جبکہ ٹیم برطانیہ کے سب سے معمر کھلاڑی 58سالہ گھڑ سوار نک اسکیلٹن نیگھڑ سوای کے انڈیجویل شو جمپنگ مقابلے میں گولڈ میڈل جیت لیا ہے۔اگرچہ برطانوی ٹیم کی طرف سے ریو اولمپکس میں 48اولمپک تمغوں کا ہدف مقرر کیا گیا تھا لیکن اب جبکہ ریو اولمپک کے اختتام میں ابھی دو دن باقی ہیں برطانیہ نے مجموعی طور پر 58اولمپک میڈلز جیت لیے ہیں جن میں چاندی کے تمغوں کی تعداد 21اور کانسی کے تمغوں کی تعداد 13ہے۔
برطانوی ٹیم نے بیجنگ اولمپکس میں مجموعی طور پر 48اولمپک میڈلز حاصل کئے تھے جبکہ لندن اولمپکس میں 65طلائی تمغوں کے ساتھ شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔